واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا میں دو دن کے برفانی طوفان کے بعد آسمان تو صاف ہو گیا تاہم اس دوران پندرہ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پنسلوانیا ہائی وے پر سو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ دوسری جانب برطانیہ ابھی تک پانی میں گھرا ہوا ہے۔ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے شہزادی ولیم اور ہیری بھی میدان میں آ گئے۔
دو دن کے شدید برفانی طوفان کے بعد امریکا کی متعدد ریاستوں میں مطلع صاف ہو گیا لیکن دو فٹ تک ہونے والی برف باری اور یخ بستہ ہواؤں نے شہریوں کو مشکل میں ڈال دیا۔
پنسلوانیا کی ہائی وے پر پھسلن کے باعث سو گاڑیاں، ٹرالر آپس میں ٹکرا گئے جس سے تیس افراد زخمی ہو گئے۔ واشنگٹن میں بھی آسمان نکھر گیا اور دھوپ نکل آئی جس کے بعد تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر کھل گئے۔
دو روزہ طوفان میں پندرہ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ شہری شدید موسم کے باوجود ویلنٹائنز ڈے انتہائی جوش و خروش سے مناتے رہے۔
دوسری جانب برطانیہ میں بد ترین سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور جنوب مغربی علاقہ پانی میں گھرا ہوا ہے۔ برطانوی شہزادے ولیم اور ہیری نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے امدادی کاموں میں حصہ لیا۔