سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدر ممنون حسین سے ملاقات

Prince Salman Bin Abdulaziz, Mamnoon Hussein

Prince Salman Bin Abdulaziz, Mamnoon Hussein

اسلام آباد (جیوڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدر ممنون حسین سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ امور پر بات چیت کی گئی، عشایئے میں آرمی چیف سمیت اہم رہنماوں کی شرکت، وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات پیر کو ہو گی۔

وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبد العزیز، دیگر اہم وزراء اور تاجروں کے وفد کے ہمراہ ہفتے کی شام اسلام آباد کی نورخان ائیربیس پر پہنچے۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزراء، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور تینوں افواج کے سربراہان نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر سعودی شہزادے اور ان کے وفد کو 19 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ خوبصورت روایتی لباس میں ملبوس ننھے بچوں نے سعودی ولی عہد کو گلدستے پیش کئے جبکہ تینوں مسلح افواج کے چاق وچوبند دستوں نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، ایوان صدر میں صدر ممنون حسین سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر غور ہوا۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت سعودی عرب کے ساتھ جامع اسٹریٹجک تعاون کو مزید مستحکم بنانا چاہتی ہے۔ سعودی شہزادے اور وفد کی صدر ملاقات کے بعد ایوان صدر میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں وفاقی کابینہ کے وزراء، دیگر اہم رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔