اسلام آباد (جیوڈیسک) افغان صدر حامد کرزئی نے بھارت سے فوجی تعاون طلب کر لیا، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اگر امریکا اور پاکستان چاہیں تو افغانستان میں قیام امن کا عمل جلد شروع ہو سکتا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں افغان صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان کی بحالی اور ترقی کے لئے بھارتی تعاون قابل ستائش ہے
امریکی فوجی انخلا کے بعد کی صورتحال پر بھارتی تشویش پر صدر کرزئی نے کہا کہ اگر غیر ملکی افواج کی موجودگی سے افغانستان میں امن اور استحکام میں مدد ملتی ہے تو وہ محدود تعداد میں غیر ملکی افواج کی موجودگی کے خلاف نہیں ہیں۔
اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا کہ بھارت افغان مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا ہے، انہوں نے افغانستان میں یونیورسٹی کے قیام کے لئے 8 ملین ڈالر دینے کا بھی اعلان کیا۔
اس سے قبل طیارے میں میڈیا سے بات چیت میں سلمان خورشید کا کہنا تھا کہ امریکا سے سیکورٹی معاہدے پر بھارت افغان صدر حامد کرزئی کے موقف کی حمایت کرتا ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ افغانستان مسئلے کا حل افغانیوں کو خود تلاش کرنا چاہئے۔