واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی حکام نے اسپتال میں زیر علاج پاکستانی طالب علم شاہ زیب باجوہ کو ویزے میں توسیع دینے پر آمادگی ظاہر کردی۔
پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا کہ ہم امریکی محکمہ خارجہ اور طالب علم کے خاندان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ یہ بات حقیقت پرمبنی نہیں کہ دفتر خارجہ ویزے میں توسیع نہیں کر رہا۔ شاہ زیب چندروز قبل حادثے میں شدید زخمی ہوکر کوما میں چلے گئے تھے۔ قبل ازیں امریکی محکمہ خارجہ، اسپتال انتظامیہ اور پاکستانی سفارت خانے کے درمیان ٹیلی کانفرنس ہوئی جس میں شاہ زیب کے ویزے، علاج معالجے اور ان پر اخراجات سے متعلق بات چیت کی گئی۔
امریکی اسپتال کی انتظامیہ نے کہا کہ شاہ زیب کے ویزا کا مسئلہ حل ہو گیا تو ان کے علاج کا خرچ اہل خانہ کو ادا کرنا ہو گا۔ شاہ زیب کے بھائی نے بتایا کہ شکاگو میں پاکستانی قونصلیٹ نے کہاہے کہ شاہ زیب کا ویزا آئندہ ہفتے تک بڑھا دیا جائے گا۔