اوگرا ریفرنس، گیلانی کل احتساب عدالت میں پیش ہونگے

Yousuf Raza Gilani

Yousuf Raza Gilani

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کل 18 فروری کو اوگرا ریفرنس میں احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہونگے۔

نیب نے سابق وزرائے اعظم یوسف رضاگیلانی اور راجا پرویز اشرف کو اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں ملزم نامزد کیا ہے۔ نیب نے الزام عائد کیا کہ دونوں سابق وزرائے اعظم نے اوگرا کے سابق چیئرمین توقیر صادق کے تقرر میں رولز کی خلاف ورزی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کیا تھا۔

راجا پرویز اشرف اس ریفرنس میں عدالت پیش ہو گئے تھے لیکن یوسف رضا گیلانی پیش نہیں ہوئے تھے جس پر عدالت نے انھیں 18 فروری (بروز منگل) کو طلب کیا تھا۔ یوسف رضا گیلانی اس سے پہلے نیب کی جانب سے اس ریفرنس کی تحقیقات کے دوران نیب ہیڈکواٹرز میں بھی پیش نہیں ہوئے تھے اور 3 بار سمن کی عدم تعمیل کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ بیان ریکارڈ کرانے کیلیے نیب کو انھیں طلب کرنے کا اختیار نہیں اور انھیں بطور سابق وزیر اعظم استثنیٰ حاصل ہے۔