اوگرا تقرری کیس: یوسف گیلانی کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا

Yousuf Raza Gilani

Yousuf Raza Gilani

اسلام آباد (جیوڈیسک) اوگرا تقرری کیس میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویزاشرف حتساب عدالت پیش ہو گئے۔ احتساب عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی حاضری سے مستقل استثنیٰ دے دیا۔

احتساب عدالت نے اوگرا تقرری کیس میں یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف سمیت 6 افراد کو طلب کر رکھا تھا، آج دونوں سابق وزرائے اعظم عدالت میں پیش ہوئے، یوسف رضا گیلانی کے وکیل امجد اقبال قریشی نے استدعا کی کہ ان کے موکل کا عدالت میں پیش ہونا خطرے سے خالی نہیں، ان کا بیٹا پہلے ہی بازیاب نہیں ہو سکا، لہٰذا انہیں حاضری سے مستقل استثنیٰ دیا جائے۔

عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا اور سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، عدالت نے جب بھی انہیں بلایا وہ پیش ہوئے۔