اوگرا کرپشن کیس، ریفرنس میں کمی بیشی کو دور کرنا ضروری ہے، توقیر صادق

 Tauqeer Sadiq

Tauqeer Sadiq

اسلام آباد (جیوڈیسک) اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، کہتے ہیں پہلے دائر کیے گئے ریفرنس میں کچھ کمی بیشی ہے جن کو دور کرنا ضروری ہے۔

اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق کو آج احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ توقیر صادق نے موقف اختیار کیا کہ ان کے ساتھ انسانی حقوق کی نسگین خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

اس کیس میں کئی اہم سیاسی شخصایات بھی اثر انداز ہیں، اس موقع پر میڈیا کا کمرہ عدالت میں ہونا ضروری ہے، توقیر صادق کا مزید کہنا تھا کہ پہلے دائر کیے گئے ریفرنس میں کچھ کمی بیشی ہے جن کو دور کرنا ضروری ہے، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ آپ ہمیں لکھ کر دے دیں، ہم اس کا جائزہ لے لیں گے۔

اوگرا کرپشن کیس کے نامزد ملزم منصور مظفر کے وکیل محمد صادق مغل نے عدالت کو حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک کیس میں امین فارقی کو جب احتساب عدالت پیش کیا گیا تو ان کے ہاتھوں سے ہتھکڑیاں ہٹا دی گئی تھیں۔

جبکہ توقیر صادق کے ساتھ ایسا سلوک نہیں برتا گیا جس پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے پولیس حکام کو حکم دیا کہ ملزم کو اگر ہتھکڑی لگانا لازم ہے تو ایک ہاتھ میں ہتھکڑی لگا کر عدالت پیش کیا جائے تا کہ ملزم کو دستخط کرنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ فاضل جج نے توقیر صادق کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرتے ہوئے سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی۔