اوباڑو: 36 انچ قطر کی گیس پائپ لائن تباہ، 2 چوکیدار جاں بحق، 2 زخمی

Obaro

Obaro

اوباڑو (جیوڈیسک) اوباڑو کے قریب 36 انچ قطر کی گیس، پائپ لائن میں دھماکے سے آگ لگ گئی، دھماکے میں 2 چوکیدار جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

دھماکے کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں کو گیس کی سپلائی معطل ہو گئی۔ پولیس کے مطابق دھماکا، رات گئے میرکوش کے مقام سے گزرنے والی پائپ لائن پر کیا گیا، جس سے گیس پائپ لائن میں آگ لگ گئی اور قریبی فصلوں کو بھی آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

دھماکے کے بعد روش پاور پلانٹ فیصل آباد اور فوجی کبیر والا پلانٹ کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں کو بھی گیس سپلائی متاثر ہوئی ہے۔

سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ پائپ لائن تباہ ہونے سے سسٹم میں 500ملین کیوبک فٹ گیس کی کمی اور قادر پور فیلڈ سے گیس کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لائن سے گیس کے مکمل اخراج کے بعد ہی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔ واقعے کے بعد گڈو۔ کشمور سڑک ٹریفک کے لئے بند ہے۔