لاہور: مغل پورہ میں ریلوے پولیس کا تجاوزات کیخلاف آپریشن، مظاہرین کا پولیس پر پتھراؤ

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) مغل پورہ میں ریلوے پولیس نے عدالتی حکم کے مطابق ریلوے کی زمین پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے متعدد دکانوں کو منہدم کر دیا جب کہ پولیس نے مظاہرہ کرنے والے 3 افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔

ریلوے پولیس نے عدالتی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے ریلوے کی اراضی پر قائم تجاوزات گرانے کے لئے بھاری مشینری کا استعمال کیا جب کہ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا تاہم پولیس کی بھاری نفری نے 3 افراد کو حراست میں لے لیا اور حالات کو کنٹرول کیا۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے ریلوے پولیس کو مغل پورہ میں ریلوے کی اراضی پر قائم تجاوزات گرانے کے احکامات دے رکھے تھے تاہم پولیس کی جانب سے بار بار نوٹس بھیجنے کے باوجود ریلوے اراضی پر قابض افراد جگہ خالی کرنے لے لئے تیار نہ تھے جس پر پولیس حکام نے آج بھاری مشینری کی مدد سے تجاوزات کو منہدم کیا۔