دبئی (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ پلئیرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی۔ مصباح الحق کی ترقی اور سعید اجمل تنزلی کا شکار ہو گئے۔
آئی سی سی کی جانب سے نئی طویل فارمیٹ کے کھلاڑیوں کی درجہ بندی جاری کی گئی۔ بیٹنگ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلئرز سر فہرست ہیں۔ پاکستان کے مصباح الحق ایک درجہ ترقی کر کے چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جبکہ یونس خان کی 10 ویں پوزیشن برقرار ہے۔
بھارت کے خلاف ٹرپل سنچری بنانیوالے نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکولم آٹھ سیڑھیاں پار کر کے بارہویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بھارتی کپتان مہندراسنگھ دھونی چھ درجے ترقی کر کے 27 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
بولنگ درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین کی پہلی پوزیشن پر قبضہ بر قرار ہے۔ قومی آف اسپنر سعید اجمل ایک درجہ تنزلی کا شکار ہو کر پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ عبد الرحمان اور جنید خان کی ایک ایک درجہ ترقی کر کے بالترتیب 13 ویں اور 17 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
آسٹریلیا کے مچل جونسن پانچ سیڑھیاں پار کر کے کیرئیر بیسٹ چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ آل راؤنڈ کیٹیگری میں (Ravichandran Ashwin) سر فہرست ہیں۔