کالعدم تحریک طالبان نے جنگ بندی کیلئے شرائط پیش کر دیں

 Shahidullah Shahid

Shahidullah Shahid

پشاور (جیوڈیسک) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حکومت کو جنگ بندی کیلئے شرائط پیش کر دی ہیں۔ ٹی ٹی پی کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان میں قیام امن کیلئے سنجیدہ ہیں۔ حکومتی کمیٹی یقین دہانی کرائے تو طالبان جنگ بندی کیلئے تیار ہیں۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک طالبان کے بہت سے کارکنوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔

ہمارے ساتھیوں کی گرفتاریاں اور جعلی پولیس مقابلوں میں مارنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ طالبان کیخلاف پشاور سے کراچی تک خفیہ اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکومت طالبان کے کارکنوں کی بوری بند لاشیں پھینکنا بند کرے۔

ٹی ٹی پی کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ مہمند واقعہ اقدامی کارروائی نہیں بلکہ ردعمل ہے۔

مہمند واقعے کے دن سیکیورٹی فورسز نے ہمارے 10 ساتھیوں کو مار ڈالا تھا۔ تحریک طالبان پاکستان میں قیام امن کیلئے سنجیدہ ہے۔ حکومتی کمیٹی یقین دہانی کرائے تو ہم جنگ بندی کیلئے تیار ہیں۔