ایس ای سی پی، 63 کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری

SECP

SECP

اسلام آباد (جیوڈیسک) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے انضباطی قوائدکی خلاف ورزی، سالانہ گوشواروں اور حسابات میں بے قاعدگیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر 63 کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

اظہار وجوہ کے نوٹس سیکیورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن کے انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے لسٹڈ اور نان لسٹد کمپنیوں کے ڈائریکٹرز اور آڈیٹرز کو جنوری 2014 میں جاری کیے گئے ہیں۔ کمپنیوں کے گوشواروں اور حسابات کی جانچ پڑتال کے دوران کئی کمپنیوں کی فنانشل اسٹیٹمنٹ میں بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں جبکہ کئی کمپنیوں کو آڈٹ کے مروجہ قوائد پورے نہ کرنے، سالانہ فنانشل اسٹیٹمنٹ جاری کرنے میں تاخیر اور کمپنی کے منافع اور بونس کی بروقت ادائیگی نہ کرنے پر نوٹس جاری کیے گئے۔

اس دوران انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ نے 75 کمپنیوں کے ڈائریکٹرز اور آڈیٹرز کے خلاف شکایات پر کارروائی مکمل کی اور انضباطی قواعد کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے۔ جنوری میں کمپنیوں کے شراکت داروں کی جانب سے منافع اور سالانہ بونس کی بروقت ادائیگی نہ کرنے کی 17 شکایات پر کارروائی کی گئی۔