لندن (جیوڈیسک) گزشتہ دو برس کے دوران قطر میں 500 سے زیادہ بھارتی مزدور ہلاک ہوئے ہیں۔ زیادہ تر اموات 2022ء میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ سے متعلق تعمیراتی منصوبوں میں ہوئیں۔
ایک برطانوی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2012ء سے اب تک عرب ملک قطر میں پانچ سو سے زیادہ بھارتی مزدور ہلاک ہوئے ہیں۔ برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ قطر میں بھارتی سفارت خانے نے ان اعدادوشمار کی تصدیق کی ہے لیکن ان افراد کی موت کی وجوہات کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کیں۔
قطر کی وزارتِ محنت نے کہا ہے کہ ان ہلاکتوں میں قدرتی اموات کے علاوہ، سڑکوں پر حادثات اور کام کی جگہ پر اموات کے معاملے بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ ان میں زیادہ تر اموات 2022ء میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ سے متعلق تعمیراتی منصوبوں میں ہوئی ہیں۔
اس ماہ کے شروع میں رپورٹ آئی تھی کہ گزشتہ ایک سال کے دوران قطر میں کام سے متعلق حادثات میں 185 نیپال شہری مارے گئے ہیں۔ قطر ورلڈ کپ کے منتظمین نے مزدوروں کے حقوق سے متعلق نیا چارٹر جاری کیا ہے۔ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے قطر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے یہاں کام کے حالات میں بہتری لائے اور حال ہی میں فیفا کے مطالبے پر ورلڈ کپ کے منتظمین نے مزدوروں کے حقوق سے متعلق نیا چارٹر جاری کیا ہے۔
فرا نسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطر کی قومی انسانی حقوق کمیٹی کے افسر علی بن سمیخ المری نے کہا کہ قطر میں جس تعداد میں بھارتی کارکن رہتے ہیں اس حساب سے اموات عام بات ہے۔ قطر میں بھارتی سب سے بڑی غیر ملکی کمیونٹی ہیں اور وہاں پانچ لاکھ بھارتی رہتے ہیں۔ یہ تعداد قطر کے اپنے باشندوں کے مقابلے میں دوگنی ہے۔
بھارتی سفارت خانے کے اعدادوشمار کے مطابق قطر میں اوسطاً ایک ماہ میں 20 تارکین وطن کی موت ہوئی۔ 2012ء میں 237 اور 2013 میں 218 لوگ ہلاک ہوئے۔ علی المری نے ان اموات کے حالات پر وضاحت کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ خبریں قطر کے خلاف مہم کا حصہ ہیں۔