ملتان (جیوڈیسک) چند روز قبل درہ آدم خیل میں شدت پسندوں کے حملے میں شہید ہونے والے میجر جہانزیب کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
میجر جہانزیب کی نماز جنازہ ملتان کے آرمی گراؤنڈ میں ادا کی گئی ان کی نماز جنازہ سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور عالم دین علامہ حامد سعید کاظمی نے پڑھائی جس میں شہید کے اہل خانہ، عزیز و اقارب، کور کمانڈر ملتان لیفٹیننت جنرل عابد پرویز سمیت اعلیٰ فوجی افسران، سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں کے رہنما اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بعد ازاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، اس موقع پر شہید میجر کے والد کا کہنا تھا کہ ان کو بیٹے کی شہادت پر فخر ہے اور وہ ایسے کئی بیٹے اپنی دھرتی پر قربان کرنے کو تیار ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل درہ آدم خیل کے علاقے کو ہی حسن خیل میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں میجر جہانزیب شہید ہو گئے تھے۔