افغانستان سے اتحادی فوج کے انخلا کے منصوبے پر خدشات کا اظہار

Afghanistan

Afghanistan

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی ادارے کی تحقیقاتی رپورٹ نے افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلا کے منصوبے پر خدشات کا اظہار کر دیا۔ امریکی ادارے سی این اے اسٹریٹجک اسٹڈیز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان فوج کی موجودہ استعداد دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہے، 2014 کے آخر میں اتحادی افواج کے انخلا سے قبل افغان فوج کی مکمل تربیت نہ کی گئی تو افغانستان پھر دہشت گردوں کی جنت بن سکتا ہے، اس لیے افغانستان میں فوج کی تربیت کے لیے 2018 تک بین الاقوامی ٹرینرز اور مشیروں کی موجودگی ضروری ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ طالبان پاکستان میں موجود پناہ گاہیں اپنی عسکری قوت میں اضافے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں، پہلے مرحلے میں طالبان 16-2015 تک افغانستان کے دیہی علاقوں میں افغان سیکیورٹی فورسز پر دباوٴ بڑھا سکتے ہیں۔

اس کے بعد اپنا اثر و رسوخ اتحادی افواج کے خالی کیے گئے علاقوں تک بڑھائیں گے۔ اگلے مرحلے میں طالبان شہری علاقوں میں بڑے حملے کرسکتے ہیں۔