افغان سرزمین میں 23 ایف سی اہلکاروں کے بہیمانہ قتل پر پاکستان نے افغانستان سے شدید احتجاج کیا ہے۔ مشیر خارجہ کی بھارتی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات، تعلقات بہتر بنانے کیلیے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے افغان وزیر خارجہ ضرار احمد عثمانی سے مالدیپ میں ملاقات کی اور 23 ایف سی اہلکاروں کے افغانستان میں قتل پر احتجاج کیا اور تحفظات سے آگاہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشیر خارجہ نے موقف اختیار کیا کہ ترکی میں سہ فریقی کانفرنس میں طے ہوا تھا کہ دہشتگردی کیلیے کسی ملک کی زمین استعمال نہیں ہو گی، یہ بھی طے ہوا تھا کہ سرزمین استعمال ہوئی تو وہ ملک دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کریگا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے افغان وزیر خارجہ سے ایف سی اہلکاروں کے قتل میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
افغان وزیر خارجہ نے مشیر خارجہ کو یقین دلایا کہ پاکستان کے تحفظات سے افغان حکومت کو آگاہ کیا جائیگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید سے بھی ملاقات کی اور پاک بھارت تعلقات کی بہتری کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں ایک دوسرے کے تحفظات کو دور کرنے اور ایل او سی کے اطراف تجارت کے حوالے سے ٹیکنکل گروپ کا اجلاس جلد بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز سارک وزراتی اجلاس میں شرکت کیلئے مالدیپ میں ہیں۔