کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے تحت قانون نافذکرنے والے اداروں کی حمایت میں “یکجہتی ریلی” آج شاہراہ قائدین کراچی میں نکالی جائے گی۔ ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ، وقت آگیا ہے کہ طالبان، لشکر جھنگوی اوران سے جڑی کالعدم تنظیموں کے خلاف آواز اٹھائی جائے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین رابطہ کمیٹی نے شاہراہ قائدین پر آج ہونے والی ” یکجہتی ریلی “کی جگہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ ہماری سرد مہری کی وجہ سے دہشت گردوں نے 40 ہزار سے زائد شہریوں اور 7 ہزار سے زائد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور افسران کو شہید کر دیا۔
ایم کیو ایم کے تحت آج کراچی میں پاک فوج سمیت ملک کے تمام سیکیورٹی اہلکاروں کی حمایت میں یکجہتی ریلی نکالی جائے گی، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔