لاہور (جیوڈیسک) ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ترانہ پڑھنے اور قومی پرچم لہرانے کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف کو آنا تھا، تاہم سیکورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر پرچم لہرانے کا عالمی ریکارڈ بنانے کی تقریب ملتوی کردی گئی۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے اسکی وجہ انتظامی امور کی کمی بتائی ہے۔ پنجاب یونیورسٹی گراؤنڈ میں پیر کے روز قومی ترانہ پڑھنے اور قومی پرچم لہرانے کا ریکارڈ قائم کرنے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے گئی تھی۔ ایک لاکھ کرسیاں لگا دی گئیں، اسٹیج بنا دئیے گئے جبکہ سیکورٹی کے انتظامات بھی مکمل تھے کہ اچانک تقریب ملتوی کر دی گئی۔
تقریب کے آرگنائزر صوبائی وزیر کھیل اور تعلیم رانا مشہود نے کہا کہ قومی ترانہ پڑھنے کے لیے چار لاکھ سے زائد افراد کی رجسٹریشن ہوئی، فیصلہ کیا گیا کہ تمام افراد کو شامل کیا جائے جبکہ انتظامات دو لاکھ افراد کے لیے تھے۔ تقریب کے ملتوی ہونے کا سنتے ہی بہت سے لوگ یونیورسٹی گراؤنڈ پہنچ گئے، انکا کہنا تھا کہ چار لاکھ افراد کے قومی ترانہ پڑھنے کا ریکارڈ قائم کرنے کے لیے تقریب کی منسوخی خوش آئند ہے۔
چار لاکھ افراد کا ترانہ پڑھنے کا ریکارڈ توڑنا آسان نہ ہو گا۔ تقریب کی منسوخی کے اعلان کے ساتھ ہی یونیورسٹی گراؤنڈ سے کرسیاں اور اسٹیج سے سامان اٹھانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔