دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ہی قومی مفاد ہے: آل پاکستان مسلم لیگ
Posted on February 24, 2014 By Geo Urdu کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اسلام امن و آشتی’ محبت و اخوت اور عفو و درگزر کا مذہب ہے اسلئے اسلام کے نام پر امن برباد کرنے اور قتل و غارت کا طوفان مچانے والے کسی طور مسلمان نہیں ہوسکتے جبکہ قاتلوں اور دہشتگردوں کے حامی اور افواج پاکستان کیخلاف بیانات کے ذریعے فوجی مورال کی تباہی کی سازش کرنے والے ان دہشتگردوں کے سرپرست ہی نہیں بلکہ ملک و قوم کے دشمن بھی ہیں جو اسلام کے نام پر طالبان کی مدد سے پاکستان کے مخصوص حصوں پر قبضہ کرکے اپنی سلطنت قائم کرنا چاہتے ہیں ۔
آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو ‘ سینئر رہنما شاہد قریشی ‘ وصی الدین اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سیدنے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر پاک فضائیہ کی بمباری کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے باوجود دہشتگردی کے تسلسل کے ذریعے دہشتگردوں نے ثابت کردیا کہ وہ قابل اعتبار ہیں نہ انہیں ختم کئے بغیر پاکستان میں امن قائم ہوسکتا ہے جبکہ پاکستان و عوام کا تحفظ فوج کا فریضہ ہے اور فوج اپنے فریضے کی ادائیگی کے حوالے سے معتبر ترین ادارہ ہے یہی وجہ ہے کہ حکمرانوں کی طالبان کیساتھ ساز باز کے بعد عوام کی نگاہیں فوج کی جانب تھیں۔
اسی لئے فوج نے مذاکرات کی ناکامی کے بعد مفاد پاکستان اور عوامی خواہشات کے تحت دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ پاکستان و عوام کے تحفظ و بقا کا ضامن ہے جس کیخلاف بیان بازی ‘ احتجاج اور عوام کو اکسانے کی کوشش سراسر ملک دشمنی اور غداری ہی نہیں بلکہ اسلام دشمنی بھی ہے کیونکہ قتل و غارت نہ تو اسلام کا درس ہے اور نہ ہی فوج کسی معصوم یا بیگناہ کو نشانہ بنارہی ہے۔