فیملی پارکوں اور کھیل کے میدانوں پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔نشاط ضیاء قادری

کراچی : رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے صفائی وستھرائی کے حوالے سے جاری اقدامات کے ساتھ عوامی تعاون کے ذریعے سرسبز ماحول کو فروغ دیں ،قدرتی ماحول کو آلودہ ہونے سے بچانے کے لئے درختوں کو کاٹنے اور کوڑا کرکٹ اور کچرے کو آگ لگا نے جیسے اقدام کی روک تھام کے لئے موثر انتظامات ضروری ہیں ،ماحولیات آلوگی کے حوالے سے موثر اقدامات نہ کئے گئے تو جلدی سمیت مہلک بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول اور میونسپل کمشنر طلعت محمود کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف فیملی پارکوں اور کھیل کے میدانوں کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات اور سہولیات کی فراہمی کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون یونین کونسل نمبر6میں قائم وسیع و عریض رقبے پر محیط حسرت موہانی فیملی پارک و منی زوو کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر محکمہ پارکس شاہ فیصل زون کی جانب سے رکن صوبائی اسمبلی اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی کو پارک پر جاری تزئین و آرائش کے حوالے سے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا گیا کہ حسرت موہانی پارک میں رنگ و روغن کا کام مکمل کرلیا گیا روشنی اور پارک میں عوام کو دیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ حسر موہانی پارک و منی زوو کو مثالی پاک بنا یا جائے گا انہوں نے کہاکہ فیملی پارک میں خوبصورت مونو منٹ تعمیر کیا جائے گا تاکہ علاقہ مکین پارک میں خوبصورت ماحول سے لطف اندوز ہوسکیں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ ضلع کورنگی کے تمام فیملی پارک اور کھیل کے میدانوں کی درستگی اور عوام کو صحت مند تفریحی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا انہوں نے محکمہ پارکس کو ہدایت کی کہ وہ سرسبز ماحول کے قیام کے حوالے سے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کریں اور سرسبز ماحول کی افادیت سے عوامی شعور کو بیدار کیا جائے۔