تھانہ کوتوالی جھنگ کے علاقہ سے جوئے، منشیات، عصمت فروشی کے اڈوں کے خاتمہ کیلئے اقدامات

جھنگ : پولیس تھانہ کوتوالی جھنگ کے گزشتہ روز تعینات ہونے والے نئے ایس ایچ او انسپکٹر رانا محمد عمردراز نے کہاہے کہ تھانہ کوتوالی جھنگ کے علاقہ سے جوئے ، منشیات ، عصمت فروشی کے اڈوں کے خاتمہ کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے تاہم اگر صحافت و سیاست سمیت کچھ شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے بااثر افراد جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی چھوڑ دیں تو حالات بہتر ہو سکتے ہیں نیزکبھی رشوت لی ہے نہ دی ہے نہ ہی آئندہ کسی کو رشوت لینے یادینے دونگا جبکہ تھانہ کوتوالی میں ٹائوٹوں کاداخلہ بھی برداشت نہیں کیاجائیگا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف ایک سال میں مسائل حل نہیں کرسکے تو میں بھی راتوں رات جرائم کاخاتمہ نہیں کرسکتا تاہم مسلسل جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اس لئے عوام الناس قانون کی عملداری کیلئے پولیس سے تعاون کریں۔پیرکے روز تھانہ کوتوالی میں میڈیاسے غیر رسمی بات چیت کے دوران انہوںنے کہاکہ وہ جہاں بھی تعینات رہے انہوںنے روائتی طریقے سے ہٹ کر اپنے ہی اندازمیں فرائض کی سر انجام دہی کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کاقلع قمع حکومت کی اولین ترجیح ہے اس لئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرجھنگ ذیشان اصغرنے انہیں میرٹ پر ایس ایچ او تھانہ کوتوالی جھنگ تعینات کرکے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیاہے وہ اس پر پورااترنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کو اگر پولیس کی طرف سے کوئی تحفظ فراہم کیاجارہاہے تو اسے بھی کسی صورت برداشت نہیں کیاجائیگا۔انہوںنے کہاکہ عوام الناس اور میڈیا کو چاہیے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور کرائمز کے خاتمہ کیلئے پولیس کابھر پور ساتھ دیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیس عوام کی حاکم نہیں بلکہ خادم ہے تاہم اگر پولیس اہلکاروں میں کوئی خامی موجودہے تو اسے دور کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔