انفارمیشن لٹریری فیسٹیول الحمراء آرٹ گیلری میں منفرد قدیم و جدید امتزاج کی حامل سہو کیپ کی نمائش کا انعقاد

جھنگ : انفارمیشن لٹریری فیسٹیول الحمراء آرٹ گیلری لاہورمیں منفرد قدیم و جدید امتزاج کی حامل سہو کیپ کی نمائش کا انعقاد کیاگیا جبکہ اس موقع پر تقریب کے روح رواں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمداقبال خان کو سہو کیپ پہنائی گئی نیز مہمان خصوصی نے مذکورہ حسین دریافت پر مسرت کااظہارکرتے ہوئے فیصل آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے تخلیق کار بین الاقوامی شہرت یافتہ آرٹسٹ و معروف ڈیزائنر چوہدری عبداللطیف سہو کی کاوش کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوںنے کہاکہ قدیم پنجابی تاریخی و ثقافتی پگڑی اور اسلامی تہذیب و تمدن کی آئینہ دار ٹوپی کے حسین امتزاج سے تخلیق کردہ سہو کیپ نہ صرف اپنی خوبصورتی اور دلکشی میں بے مثال ہے بلکہ اسے مختلف مواقع پر پہن کر ثقافت کو زندہ رکھنا بھی یقینی ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کی دم توڑتی ہوئی ثقافت کی علامت پگڑی کو دوبارہ نئے ڈیزائن سے ہم آہنگ کرتے ہوئے نوجوان نسل کیلئے بھی دلکشی کاباعث بنایاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ ثقافتی میلوں امیں اس پگڑی کی نمائش میں عوامی دلچسپی اس امر کی غماز ہے کہ پاکستانی زندہ قوم ہونے کے ناطے اپنی تہذیب اور ثقافت سے روگردانی کا تصور بھی نہیں کرسکتے ۔ اس موقع پر چوہدری عبداللطیف سہو کی جانب سے سپیکر موصوف کومذکورہ پگڑی پہنائی گئی جس پر انہوں نے دلی مسرت کااظہار کیا۔

تخلیق کار نے نمائش کے دوران میڈیاکو بتایاکہ وہ بہت جلد یہ پگڑی وزیراعظم میاں محمدنواز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاںمحمدشہبازشریف ، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو بھی پہنائیں گے تاکہ اس پگڑی کے استعمال کی روائت کو فروغ حاصل ہو سکے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ الحمراء آرٹ گیلری لاہور میں انفارمیشن لٹریری فیسٹیول کے دوران آنے والے ہزاروں مرد وخواتین اور نوجوانوں نے نہ صرف سہو کیپ میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی بلکہ و ہ یہ پگڑی پہن کر تصاویر بھی بنواتے رہے۔