اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے لیے مشاورت ہو رہی ہے، تاہم مذاکرات کا آپشن ابھی ختم نہیں ہوا۔
طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے کل وفاقی کابینہ میں بات ہوگی، معاملے پرسیاسی قیادت کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ اسلام آباد میں ایک سیمینار کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات نے مذاکراتی عمل کو متاثر کیا ہے، لیکن مذاکرات کا آپشن ابھی ختم نہیں ہوا۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ایف سی اہلکاروں کو چار سال قبل ٹی ٹی پی مہمند نے اغوا کیا تھا ، افغان حکومت واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ڈرون طیارے نہیں ہیں ، قبائلی علاقوں میں کارروائی روایتی جنگی طیاروں سے کی جا رہی ہے،کولیشن سپورٹ فنڈ کے 352 ملین ڈالرز وصول ہوچکے ہیں ، بقایا جات آئندہ چند ماہ میں مل جائیں گے۔