چین پاکستان میں بجلی کی پیداوار میں 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا

China, Pakistan

China, Pakistan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چین پاکستان میں بجلی کی پیداوار میں 30 ارب ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری کرے گا۔ 20 ہزار میگاواٹ بجلی کے 16 منصوبوں پر پاک چین اتفاق ہو گیا ہے۔ وفاقی سیکرٹری پانی وبجلی سیف اللہ چٹھہ نے بتایاہے کہ حال ہی میں بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس ہوا، اس میں بجلی پیدا کرنے کے16 منصوبوں پر دستخط کئے گئے۔ ہائیڈل کے تین منصوبے کروٹ ، کوہالہ اور سکھی کناری شامل ہیں ، کوئلے میں 6گڈانی پر ہر ایک 660 میگا واٹ کا، دو پورٹ قاسم ، اسی طرح ساہیوال ، جھنگ شیخوپورہ میں بھی 660 میگاواٹ کے کوئلے کے منصوبے لگیں گے۔

بجلی کے پیداواری منصوبوں میں چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کریں گی۔ چین کی طرف سے ان منصوبوں میں 25 سے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ ہمارا پروگرام ہے کہ کوئلے کے منصوبوں سے 10 ہزار میگاواٹ تک بجلی 2017 تک سسٹم میں آ جائے۔

ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری پانی و بجلی کا کہنا تھاکہ چینی کمپنیوں کو بڈنگ کے بغیر بجلی پیداوار کے منصوبے دینا پیپرا رولز کی خلاف ورزی نہیں۔

پیپرا رولز کو کچھ مسئلہ نہیں ہو گا ، جو ملک سرمایہ کاری کرتا ہے وہ اس بات کو بھی ترجیح دیتا ہے کہ اس کی کمپنیاں منصوبے لگائیں۔ ان منصوبوں میں زیادہ بجلی کوئلے سے، یعنی 15 ہزار میگا واٹ سے زائد تیار کی جائیگی۔

پن بجلی کے 2700 میگا واٹ کے منصوبوں کے علاوہ پاکستان اور چین کے درمیان شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی تیاری کے منصوبوں میں بھی اتفاق
ہواہے۔