پاکستان نے فتح کا سنہری موقع گنوا دیا، راشد لطیف

Rashid Latif

Rashid Latif

لاہور (جیوڈیسک) : سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان نے جلد بازی کا شکار ہو کر سری لنکا کو ہرانے کا سنہری موقع گنوا دیا۔

مصباح الحق یا عمر اکمل اننگز کے اختتام تک وکٹ پر رہتے تو کامیابی حاصل ہو سکتی تھی، نوجوان بیٹسمین تھکاوٹ کا شکار نظر آئے، وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری اضافی بوجھ محسوس ہونے لگی۔ تفصیلات کے مطابق راشد لطیف نے ’’ایکسپریس نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے بیٹسمین جیت کے امکانات روشن کرنے کے بعد جلد بازی کا شکار ہو گئے۔

عمر اکمل وکٹ کیپنگ کی اضافی ذمہ داری کے سبب تھکاوٹ کا شکار نظر آئے، شائد اسی وجہ سے غیر محتاط انداز میں جارحانہ ا سٹروکس کھیلنے لگے تھے، بہتر ہو گا کہ انھیں بطور بیٹسمین ہی کھلایا جائے، مصباح الحق اننگز کے آخر تک وکٹ پرکھڑے رہتے تو شاید دیگر بیٹسمین بھی فتح کی منزل تک پہنچانے میں مددگار رہتے، ٹیل اینڈرز نے بھی سمجھداری کے بجائے جلد بازی کا مظاہرہ کیا۔