میرپورخاص (جیوڈیسک) میرپورخاص میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار اور غفلت برتنے پر 2 ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا گیا۔
میرپورخاص میں حیدرآباد روڈ پر واقع شادی ہال میں برات کی آمد پر زبردست ہوائی فائرنگ کی گئی۔ اس دوران گولیاں لگنے سے 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت 25 سالہ بلاول آرائیں اور 40 سالہ غلام مصطفی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
بلاول شادی کی وڈیو بنانے والا جبکہ غلام مصطفی دولہا کا قریبی عزیز بتایا جاتا ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے کارروائی کے دوران فائرنگ کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار کرکے ایک ٹی ٹی پستول بھی برآمد کرلیا گیا۔ جبکہ ایس ایس پی میرپورخاص نے فرائض سے لاپرواہی کے الزام میں مہران اور ٹاوٴن تھانوں کے ایس ایچ اوز کو فوری طور پر معطل کردیا ہے۔