لالہ موسیٰ کی خبریں 26/2/2014
Posted on February 27, 2014 By Geo Urdu سٹی نیوز
مذہبی اورسیاسی فرقہ پرستی قوموں کی تقسیم کا باعث بنتی ہے ہمیں اس سے نکلنا ہوگا۔ حمید گل
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ) لالہ موسیٰ یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام ”آج کا ایٹمی پاکستان اور ہماری ذمہ داریاں”کے عنوان سے منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے جنرل(ر) حمیدگل نے کہاکہ مذہبی اورسیاسی فرقہ پرستی قوموں کی تقسیم کا باعث بنتی ہے ہمیں اس سے نکلناہوگا،انہوں نے کہاکہ افغان طالبان اور تحریک طالبان میں واضع فرق ہے افغان طالبان شریعت کے پابندہیں وہ عورت کو جائیداد میں حصہ دینے کے ساتھ ساتھ عورت کی عزت وناموس کے محافظ بھی ہیں جبکہ تحریک طالبان پاکستان ملک دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں انہوں نے تحریک طالبان کو مکتی باہنی قراردیتے ہوئے کہاکہ انکے ڈورے کہیں اورسے ہلتے ہیں انکوسپلائی کہیں اورسے آتی ہے مذاکرات سے انکار کی وجہ بھی یہی ہے کہ طالبان سمجھتے ہیں کہ اگرحکومت پاکستان سے مذاکرات کئے تو بیرونی امدادسے ہاتھ دھوناپڑے گا انہوں نے کہاکہ پاکستانی طالبان میں جرائم پیشہ افرادبھی شامل ہوچکے ہیں انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات اچھے نہیں ہیں لیکن قوم کو امیدکادامن نہیں چھوڑناچاہئے اب وہ وقت زیادہ دورنہیں جب امریکہ فوجیں افغانستان سے واپس چلی جائینگی اس کے بعدخطہ میں امن قائم ہوجائے گا،انہوں نے ضلع گجرات کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ یہ مٹی بڑی زرخیزہے اس مٹی سے تین جوانوں نے نشان حیدرکے اعزازحاصل کئے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے امریکہ کو خطرہ نہیں بلکہ اسرائیل اوربھارت کو خطرہ ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کے پاس ایٹمی ٹیکنالوجی نہیں ہونی چاہئے،ا نہوں نے کہاکہ پاکستان کی فوج دنیامیں چھٹے نمبرکی فوج ہے جبکہ میں آپ کو باورکرادوں کہ پاکستان ساتویں بڑی ایٹمی طاقت نہیں بلکہ پانچویں بڑی ایٹمی طاقت ہے پاکستان کے پاس جدیدایٹمی میزائل ہیں اورانڈیا سے ایڈوانس ٹیکنالوجی ہے،انہوں نے کہاکہ مجھے سیاست میں آنے کیلئے بڑی آفرزہوئیں لیکن میں نے انتخابی عمل کے بجائے پریشرگروپ بنانے کا فیصلہ کیا انہوں نے کہاکہ ہم حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ قوم کو بچانے کیلئے نیانظام لے کرآئیں گے۔
————————-
———————
پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے منشوراپنے اپنے لیکن کسی بھی جماعت کو غدارنہیں کہاجاسکتا۔ قمرزمان کائرہ
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ) سابق وفاقی وزیرقمرزمان کائرہ نے ”لالہ موسیٰ یونین آف جرنلسٹس ” کے زیراہتمام ”آج کا ایٹمی پاکستان اور ہماری ذمہ داریاں ” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے منشوراپنے اپنے لیکن کسی بھی جماعت کو غدارنہیں کہاجاسکتاکیونکہ ہرجماعت کی وابستگی پاکستان سے ہی ہے کسی اور ملک سے نہیں آمرانہ حکومتوں سے میرے اختلافات اپنی جگہ لیکن انکو بھی ملک دشمن نہیں کہ سکتا بے شک انکے رویوں سے ملک کو نقصان بھی پہنچا ہے ،انہوں نے کہاکہ جمہوریت کی بنیاد ہماراایک دوسرے کے نقطہ نظرکو سنناہے اورخندہ پیشانی سے برداشت کرناہے جمہوریت آئین ،قانون سے نہیں بلکہ رویوں سے آتی ہے ،انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قائدمحترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی سابق غلطیوں ،مخالف سیاسی قیادتوں کی غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے میاں نوازشریف سے جدہ میں ملاقات کی اور ایک معاہدہ کیا جسے میثاق جمہوریت کے نام سے جانا جاتاہے اس کے نتیجہ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی باراپنی آئینی مدت پانچ سال پوری کی،انہوں نے بنگلہ دیش کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان پانچ اکائیوں پرمشتمل اسٹیٹ تھی اور بلاشبہ قیام پاکستان کی تحریک میں بنگالیوں کا بڑاکردارتھابلکہ اسکے مقابلہ میں پنجاب کا اتناکردارنہیں تھا لیکن انکا حق تسیلم نہ کیاگیا جسکے نتیجہ میں بنگالی ہم سے علیٰحدہ ہوگئے،جب بھی قومیتوں کو حقوق دینے سے انکارکیاگیاتو اسکے بھیانک نتائج ہی سامنے آئے ،انہوں نے کہاکہ آمروں نے ملک کو مضبوط قیادت دینے کی کوشش کی اور کئی مذہبی جماعتوں نے بھی آمروں کو سپورٹ کیا،انہوں نے کہاکہ ملک جن مشکلات ومصائب سے دوچارہے اس وقت قوم کے اتحادکیلئے ایسے مذاکروں کی اشدضرورت ہے ،لالہ موسیٰ یونین آف جرنلسٹس کے ساتھیوں نے اس اہم ایشو پرمذاکرہ کا ہتمام کرکے اپنی قومی اور صحافتی ذمہ داریوں کا ثبوت دیا ،بلاشبہ صحافی ہی ایک ایسا طبقہ ہے جو تمام سیاسی جماعتوں اور مکاتب فکر کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پراکٹھاکرسکتے ہیں۔
————————–
———————
امیرجماعت اسلامی ضلع گجرات ڈاکٹرسیداحسان اللہ شاہ نے کہاہے کہ ایٹم ہمارااثاثہ ہے اوراسکی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ) امیرجماعت اسلامی ضلع گجرات ڈاکٹرسیداحسان اللہ شاہ نے کہاہے کہ ایٹم ہمارااثاثہ ہے اوراسکی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”لالہ موسیٰ یونین آف جرنلسٹس ”کے زیراہتما م آج کا ایٹمی پاکستان اور ہماری ذمہ داریاں ” کے عنوان سے منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام مخالفین کی آنکھوں میں کھٹک رہاہے بعض قوتیں فوج کو ناکام بناکراقوام متحدہ کی فوج کا راستہ ہموارکرناچاہتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ افسوس حکمرانوں نے قوم کو حب الوطنی کا درس نہیں ہمیں مسالک ،جماعتوں اورعلاقوں کی تفریق سے نکل کرمتحدہوکرملک دشمنوں کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا،انہوں نے کہاکہ حکومت کو بیوقوف طالبان کا محاسبہ کرناچاہئے اور امریکی سازشوں کا مقابلہ کرناہوگا۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک آمرنے ”سب سے پہلے پاکستان” کا نعرہ لگاکر پاکستان کا مسلم دنیاسے رشتہ توڑا ہمیں کسی مذہبی ،سیاسی شخصیت کی نہیں بلکہ محمدعربی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شریعت چاہئے انہوں نے کہاکہ اگرملک کا ہرشخص اور ادارہ اپنی حدودوقیودمیں آجائے تو ایٹمی پاکستان کے بغیربھی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
————————–
———————
اس ملک کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے میں فوجی آپریشن کا مخالف ہوں۔ الحاج محمدافضل گوندل
لالہ موسیٰ(محمدبلال احمد بٹ)پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی راہنماء الحاج محمدافضل گوندل نے ”لالہ موسیٰ یونین آف جرنلسٹس ” کی خصوصی نشست میں
خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس ملک کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہاکہ میں فوجی آپریشن کا مخالف ہوں لیکن میں یہ بھی چاہتاہوں کہ ذمہ داروں کو اسلام آباد کے چوکوں میں الٹالٹکایاجائے،حکمران پینٹاگون کی کہانیاں پڑھنے کے بجائے عوام کی جان ومال کی حفاظت کی ذمہ داریاں پوری کریں، کرنل(ر) پرویزاخترچوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سعودیہ اورایران پاکستان میں امن کو نقصان پہنچارہے ہیں جب بھی طالبان سے مذاکرات شروع ہوتے ہیں امریکہ مذاکرات کو سبوتاژ کرادیتاہے انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم متحدہوکرہی ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کرسکتی ہے۔سابق چیئرمین بلدیہ لالہ موسیٰ شیخ حفیظ اللہ صدیقی نے کہاکہ 66سالوں میں کئی حکومتیں آئی ،جرنیلوں نے بھی حکومت کی اور سیاسی پنڈتوں نے بھی حکومتیں کی آج حالات گھمبیرہوگئے ہیں فوجی آمرنے ملک کو آگ میں دھکیل دیا جسکے شعلے آج بھی کبھی کراچی میں بلند ہوتے ہیں اور دوسرے صوبوں میں ،طالبان سے مذاکرات کا ذکرکرتے ہوئے پہلے لاشیں گرنے سے روکناہوگاورنہ مذاکرات کاکوئی فائدہ نہیں۔
————————–
———————
ہمارے حکمران کانٹوں کی فصل بوکرگلاب کی توقع رکھ رہے ہیں جو کہ فضول ہے: چوہدری عامرعثمان عادل
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ) سابق ایم پی اے چوہدری عامرعثمان عادل نے ”لالہ موسیٰ یونین آف جرنلسٹس” کے زیراہتمام خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب گھرکے اندرآگ جل رہی ہوتواس بحث میں نہیں الجھتے کہ یہ آگ لگی کیسے ہے بلکہ اسے بجھانے کی ترکیب سوچی جاتی ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے حکمران کانٹوں کی فصل بوکرگلاب کی توقع رکھ رہے ہیں جو کہ فضول ہے انہوں نے کہاکہ ہم نے ایٹم تو بنالیاہے لیکن ایٹمی پاکستان کی ذمہ داریاں کس نے پوری کرنی ہے ہمیں اس کا کچھ پتہ نہیںہے، ممتازمسلم لیگی راہنماء سیدحبیب حیدرشاہ کلیوال سیداں نے کہاکہ طالبان شائد حیوانوں والی زندگی گزارکرخوشی محسوس کرتے ہیں لیکن ہمیں تاریخ سے سبق سیکھناہوگا یہی واقعہ چودہ سوسال پہلے بھی رونما ہواتھاجب کربلاء کے میدان میں آل نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تہہ تیغ کیا گیاانہوں نے بھی چھ سال کے بچے کو بھی قتل کیایہ بھی کم سن بچوں کو قتل کرنے سے دریغ نہیں کرتے ،انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں موجوددشمنوں کو پہچانناہوگا اور اس بحثوں میں الجھنے کے بجائے اپناقبلہ درست کرناہوگا،انہوں نے کہاکہ ہمیں موجودہ چیلنجزاورمسائل سے نمٹنے کیلئے ہمیں تعلیم سے رشتہ مضبوط کرناہوگااوراسلام سے علم لیناہوگا۔راہنماء سکھ چین گروپ لالہ موسیٰ چوہدری زبیرانورایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے ”لالہ موسیٰ یونین آف جرنلسٹس ” کے ذمہ داروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے مذاکروں سے عوام کے اتحادمیں مددملتی ہے ”لالہ موسیٰ یونین آف جرنلٹس ”نے یہ پروگرام رکھ کے ذمہ دارانہ صحافت کی جو مثال قائم کی ہے اسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اپنے بھرپورتعاون کا یقین دلاتے ہیں۔
————————–
———————