لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پنجاب کے نوجوانوں خصوصاً طلباء اور طالبات سے اپیل کی ہے کہ وہ 9، مارچ کو لاہور میں منعقد ہونے والی صوفیائے کرام کانفرنس میں بھرپور شرکت کریں۔
یہ اپیل انہوں نے جمعرات کی شب ایم کیوایم پنجاب ہاوٴس لاہور میں ذمہ داران اور کارکنان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر لاہور کے ذمہ داران نے الطاف حسین کو 9، مارچ کو ایم کیوایم کے تحت صوفیائے کرام کانفرنس کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات اور اس سلسلے میں عوامی تاثرات سے آگاہ کیا۔
الطاف حسین نے کہاکہ 9، مارچ کولاہور میں منعقد ہونے والی صوفیائے کرام کانفرنس میں مقررین دین اسلام کے فروغ کیلئے بزرگان دین اورصوفیائے کرام کی خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔
الطاف حسین نے پنجاب بھرکے غیور نوجوانوں بالخصوص طلباء وطالبات سے خصوصی اپیل کی کہ وہ اس نیک مقصدکیلئے آگے آئیں، ان کا بھائی الطاف حسین ، انہیں پاکستان کی سلامتی وبقاء اور ملک بھر میں مذہبی رواداری اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے خلوص دل سے صوفیائے کرام کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتا ہے۔