کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر کالعدم تنظیم کے کارکنوں، ٹارگٹ کلرز، گینگ وار کے کارندوں سمیت 44 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد کر لی۔
بلدیہ ٹاون میں پولیس نے سعید آباد، اتحاد ٹاون ، گلشن غازی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 20 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
گارڈن پولیس نے لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلہ گروپ کے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ فیروز آباد پولیس نے کشمیر روڈ پر مقابلے کے بعد دو ڈاکو جبکہ گزری پولیس نے ایک ڈاکو کو گرفتار کر لیا۔
اس سے قبل ضلع غربی میں پولیس نے 2 ٹارگٹ کلرز سمیت 8 ملزموں کو پکڑ لیا۔ رینجرز نے چھاپے مار کر کالعدم تنظیم کے کارکنوں سمیت 10 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔