عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں غفلت اور لاپراوہی برداشت نہیں کیا جائے گا۔غلام رسول

کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے تمام زونز کو ہدایت کی ہے کہ وہ محکمانہ کار کردگی کو مزید بہتر بنا کر عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں، بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں غفلت اور لاپرواہی قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا افسران وملازمین دفتری اوقات کی پابندی کریں علاقائی مسائل کے حوالے سے شکایات کے بروقت تدارک کے لئے شکایتی مراکز کو فعال بنا یا جائے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے تمام زون کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ،لانڈھی اور کورنگی زونز کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے زونز کے دفاتر میں افسران کی حاضری اور محکمانہ کار کردگی کے حوالے سے رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے افسران سے کہاکہ وہ محکمانہ کار کردگی کو بہتر بنا ئیں تمام محکمہ جاتی سربراہان اپنے اسٹاف کو دفتری اوقات کا پابند بنا ئیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے علاقائی سروے کا موثر نظام قائم کریں۔

اس موقع پر انہوں نے زونز میں قائم عوامی شکایتی مراکز کا بھی معائنہ کیا اور عوامی شکایات کے حل کے حوالے سے رپورٹ کا معائنہ کرتے ہوئے مرکز شکایت پر موجود افسران و عملے کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور عوام کی جانب سے موصول شکایات اور اس کے حل کی مکمل رپورٹ مرتب کی جائیاس موقع پر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ شکایتی مراکز کو مزید فعال بنائیں مختلف علاقوں کے دورے پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے متعلقہ افسران کے ہمراہ صفائی وستھرائی اور دیگر بلدیاتی سہولیات کا معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے متعلقہ ذمہ دران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے اقدامات تیز کئے جائیں عوام کو در پیش بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے محکمے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔