لاہور (جیوڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ جمیشد دستی نے پارلیمنٹ پر بہت سنگین الزامات لگائے وہ اپنے گریبان میں جھانکیں۔ جمشید دستی ثبوت دینے میں نا کام رہے تو فیصلہ ایوان کرے گا۔
جامعہ پنجاب لاہور میں ہیلی کالج کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ بہتر ہوتا جمشید دستی میرے پاس آ کر ثبوت دیتے۔ انہوں نے کہا کہ ممبران کیخلاف ثبوت ملا تو کار روائی کروں گا لیکن کمرے کے اندر کوئی جو مرضی کرے ایکشن نہیں لوں گا کیونکہ کمرے کی چار دیواری میں کوئی کیا کرتا ہے میرا کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ کے ٹیسٹ کرانا شرم کی بات ہے۔ لاجز سے نکلنے والی خواتین کسی کی بہن بیٹی بھی ہو سکتی ہیں۔ ایاز صادق نے کہا کہ میڈیا جمشید دستی کو مجھ سے بہتر جانتا ہے۔
جمشید کے لگائے الزامات کا فیصلہ ثبوت آنے کے بعد کیا جائے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے ایک سوال پر کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے حکومتی پالیسی آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ کو متحرک دیکھنا چاہتا ہوں۔