اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم آئندہ بھی اسی طرح کامیابی حاصل کرے گی۔ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی جیت پر وزیراعظم نوازشریف نے قومی کرکٹ ٹیم اور قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
چیرمین تحریک انصاف عمران خان، پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری، اسفند یار ولی خان نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کا کہناتھا کہ کرکٹ ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔ وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، گورنر خیبرپختونخوا انجینئر شوکت اللہ اور گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔
قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لیطف پلیجو کا کہناتھا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے مشکل وقت میں عوام کو خوبصورت تحفہ دیا۔چیرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی، سابق چیرمین پی سی بی ذکا اشرف، سینیٹر حمداللہ، سینیٹر رحمان ملک، ڈپٹی اسپیکرمرتضیٰ جاوید عباسی اور صدر آزاد جموں کشمیر سردار محمد یعقوب نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔