اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔
ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ سابق وزیر اعظم نے 27فروری کو سیکریٹری داخلہ کو خط لکھا کہ انکا نام نیب کورٹ کے حکم پر ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا جبکہ میں ملک کا وزیر اعظم اور وزیر پانی بجلی کے عہدے پر فائز رہا ہوں، میں نے آئین و قانون سے ہٹ کر کوئی ایسا کام نہیں کیا جس کی وجہ سے میرا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔ انھوں نے خط میں لکھا کہ میں ملک کی تمام عدالتوں کا احترام کرتا ہوں جہاں بلائیں گے پیش ہو جائوں گا لہٰذا میرا نام فہرست سے نکال کر دیں کیونکہ سابق وزیر اعظم ہونے کے ناطے بیرون ممالک سے دعوت نامے ملے ہیں، ای سی ایل میں نام ہونے کی وجہ سے ان تقریبات میں شرکت نہیں کر سکتا جس سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے۔