ملکی سلامتی پر سیاست کرنے والے ملک سے وفا نہیں کر رہے: چودھری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرداخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ دہشت گرد جو مرضی کر لیں، عزم کمزور نہیں ہو گا۔

قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے وزیر داخلہ چودھری نثار نے بات کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کے مسئلے پر سیاست نہیں کرنی چاہیئے اور نہ ہی ہمارے حوصلے میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیئے، دہشت گرد جو مرضی کر لیں ہمارا عزم کمزور نہیں ہو گا، ثابت قدمی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے ، ہم نے پہلے دن سے دہشت گردی کے حوالے سے پالیسی مرتب کی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا ایک گروہ مذاکرات کو آگے نہیں بڑھانا چاہتے ، اس گروہ کے تانے بانے دوسرے ملک سے ملتے ہیں، 6 روز میں 7 ملزم پکڑے، گرفتاری پر ردعمل بھی ہو سکتا ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا واقع کی مکمل انکوائری ہو گی، دہشت گردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ اس سے قبل ‫وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اسلام آباد میں ایف 8 کچہری کا دورہ کیا اور فائرنگ سے جاں بحق ایڈیشنل سیشن جج رفاقت اعوان کی عدالت کا جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ جائے و قوعہ کو دیکھ کر کچھ لمحوں کیلئے سکتے میں آ گئے۔ چودھری نثار نے آئی جی کی سرزنش کرتے ہوئے سوال کیا کہ دہشتگرد اس جگہ اور عدالت تک کیسے پہنچے۔

انہوں نے عدالت کے باہر کالعدم تنظیموں کے اشتہارات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سے سوال کیا کہ یہ اشتہارات یہاں کیسے لگ گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ملزموں کو جلد پکڑ لیں گے۔