بل گیٹس ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین فرد بن گئے

Bill Gates

Bill Gates

واشنگٹن (جیوڈیسک) بل گیٹس کی دولت اور اثاثوں کی مالیت 76 ارب ڈالر ہو گئی جو گذشتہ سال 67ارب ڈالر تھی۔ رواں سال کی فہرست میں 20 امیر ترین افراد میں وہی لوگ شامل ہو سکے جن کے اثاثے 31 ارب ڈالر یا اس سے زائد ہیں۔ امریکہ کے بعد سب سے زیادہ کل 468 ارب پتی یورپ کے جبکہ ایشیاء کے کل 444 ارب فہرست میں شامل

ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بانی امریکہ کے بل گیٹس نے ایک مرتبہ پھر دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں پہلا مقام حاصل کر لیا ہے۔ انہیں یہ مقام مالیاتی جریدے فوربز کی دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں دیا گیا ہے۔ فوربز کے اندازوں کے مطابق اس سال بل گیٹس کی دولت اور اثاثوں کی مالیت 76 ارب ڈالر ہو گئی ہے جو کہ گذشتہ سال 67 ارب ڈالر تھی۔

امریکی جریدے کے مطابق گذشتہ 20 برسوں میں 15 برس گیٹس دنیا کے سب سے امیر آدمی بنے ہیں۔ اس سال انھوں نے میکسیکو کے ٹیلی کام سیکٹر کے صنعت کار کارلوس سلم کی جگہ لی ہے جو اس فہرست میں اب دوسرے نمبر پر ہیں۔

فوربز کے مطابق اس وقت دنیا میں 1645 ارب پتی ہیں جو کہ خود ایک ریکارڈ ہے اور اس سال کی فہرست میں 20 امیر ترین افراد میں وہی لوگ شامل ہو سکے ہیں جن کے اثاثے 31 ارب ڈالر یا اس سے زیادہ ہیں جبکہ گزشتہ سال اس کے لیے 23 ارب ڈالر کے اثاثے کافی تھے۔ 2014ء کے ارب پتی افراد کی فہرست میں ٹیکنالوجی کی دنیا سے وابستہ افراد کی تعداد زیادہ ہے اور سب سے زیادہ دولت کمانے کے معاملے میں سب سے آگے فیس بُک کے بانی مارک زیر برگ رہے جن کے اثاثوں کی مالیت گذشتہ سال سے تقریباً دوگنی ہو کر 28 ارب 50 کروڑ ڈالر ہو گئی ہے۔

فیس بُک کے چیف ایگزیکیٹو افسر شیرل سینڈ برگ بھی اس فہرست میں پہلی بار شامل ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ کے بانی جین یام اور برائن اییٹن کا نام بھی ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہے۔ وہ دونوں بالترتیب 202 ویں اور 551 ویں مقام پر ہیں۔ ان کے ارب پتی بننے میں کلیدی کردار اس سودے کا ہے جس کے تحت فیس بُک نے حال ہی میں واٹس ایپ کو 19 ارب ڈالر میں خریدا ہے۔

اس فہرست میں سب سے زیادہ ارب پتی امریکہ کے ہیں اور کل 492 امریکی ارب پتیوں کو اس فہرست میں جگہ ملی ہے۔ امریکہ کے بعد سب سے زیادہ کل 468 ارب پتی یورپ کے ہیں جبکہ ایشیاء کے کل 444 ارب پتیوں کو اس فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔

فوربز کی اس فہرست میں 50 امیر ترین افراد میں واحد بھارتی مکیش امبانی ہیں جو 18 ارب 60 کروڑ ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ اس فہرست میں 40 ویں مقام پر ہیں۔ دنیا کے دس امیر ترین افراد میں بل گیٹس کے اثاثے 76 ارب ڈالر اور کاروبار مائیکرو سافٹ، سافٹ ویئر ہے۔ کارلوس سلم کے اثاثے 72 ارب ڈالر اور کاروبار امریکہ موول، مواصلات ہے۔ امانسیو اورٹیگا کے اثاثے 64 ارب ڈالر اور کاروبار زارا، فیشن ہے۔

وارن بفے کے اثاثے 58 ارب 20 کروڑ ڈالر کاوبار برک شائر ہیداوے، سرمایہ کاری ہے۔ لیری ایلیسن کے اثاثے 48 ارب ڈالر کاروبار اوریکل، سافٹ ویئر ہے۔ چارلس کوش/ ڈیوڈ کوش کے اثاثے 40 ارب ڈالر۔ شیلڈن ایڈلسن کے اثاثے 38 ارب ڈالرز، کرسٹی والٹن کے اثاثے 36 ارب 70 کروڑ ڈالر، جم والٹن کے اثاثے 34 ارب 70 کروڑ ڈالر ہیں۔