پنجاب یوتھ فیسٹیول، گندم کے پیداواری مقابلوں میں، ٹریکٹرز اور زرعی آلات انعام دئیے جائیں گے

فیصل آباد: پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت محکمہ زراعت کے زیراہتمام گندم کے پیداواری مقابلوں میں صوبائی سے تحصیل سطح تک پوزیشن ہولڈر کاشتکاروں کو مختلف استعداد کے ٹریکٹرز اور زرعی آلات انعام دئیے جائیں گے۔

جبکہ آبپاش زرعی اراضی کے کاشتکار متصل پانچ ایکٹر اور بارانی علاقوں میں ایک ایکٹر فصل گندم مقابلہ کے لئے پیش کریں گے ۔یہ بات قائمقام ڈی سی او ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد آصف چوہدری کی زیرصدارت ڈی سی او آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی جس میں گندم کے پیداواری مقابلہ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ای ڈی او زراعت اشتیاق حسن ‘ ڈی او زراعت شبیر افضل وڑائچ ‘ اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ قائمقام ڈی سی او نے کہا کہ گندم پیداواری کے مقابلے کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز محکمہ زراعت کے افسران سے قریبی رابطہ رکھیں اور شیڈول و شرائط کی پابندی کے لئے تمام تر عمل کی خصوصی نگرانی کو یقینی بنائیں۔

اجلاس کے دوران ڈی او زراعت نے بتایا کہ گندم کے پیداواری مقابلہ کے سلسلے میں تحصیل سے صوبائی سطح تک کمیٹیز تشکیل دے دی گئی ہے اور افسران و سٹاف کی ٹریننگ کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر سے 2440 کاشتکاروں نے مقابلہ میں شرکت کے لئے درخواستیں جمع کرائی ہیں جن کی سکروٹنی کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مقابلہ میں حصہ لینے کے لئے 25 ایکٹر تک قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مرد خواتین اہل قرار دیئے گئے ہیں جبکہ مزارعین ٹھیکیدار کو بھی اپنی دستاویزات کی تحصیل کمیٹی کی طرف سے تصدیق کے بعد درخواست دینے کا اہل قرار دیا گیا تھا۔