اللہ کے گھر کی تعمیر اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین ذریعے ہے۔ نشاط ضیاء قادری

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ اللہ کے گھر کی تعمیر اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشنود حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے،شاہ فیصل کالونی میں خوبصورت مسجد کی تعمیر پر اہل علاقہ قابل مبارکباد ہیں جنہوں نے مسجد کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول اور میونسپل کمشنر طلعت محمود کے ہمراہ جامع مسجد نور شاہ فیصل کالونی نمبر3میں مسجد کے مرکزی گیٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سپرٹینڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی اقتدار احمد ،XENشاہ فیصل اسلم پرویز ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد ارشد اور دیگر بھی موجود تھے۔

نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ مسجد کی تعمیر اللہ کے نیک بندے ہی کرتے ہیںانہوں نے خوبصورت مسجد کی تعمیر پر مسجد کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا یا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ مسجدوں کو آباد کرکے ہی معاشرے میں سدھار اور اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قربت حاصل کی جا سکتی ہے۔

مسجد کی تعمیر کے حوالے سے انہوں نے مسجد کمیٹی کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے مسجد کمیٹی کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کے ازالے کے لئے متعلقہ محکموں کو فوری ہدایت کی اور محکمہ انسداد تجاوزات سیل کو ہدایت کی کہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف تجاوزات اور رکاوٹوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ عبادت گاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی درستگی کو منتظمین کے باہمی تعاون سے یقینی بنایا جائے۔