بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے لیے تاریخوں کا اعلان

 Lok Sabha Elections

Lok Sabha Elections

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے لیے تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ 7 اپریل سے شروع ہونے والے انتخابات کا آخری مرحلہ 12 مئی کو ہوگا۔ بھارت کے الیکشن کمشنر وی ایس سمپتھ نے نئی دلی میں پریس کانفرنس میں بتایاکہ نو مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کاپہلا مرحلہ 7 اپریل کو ہو گا۔ 12 مئی تک جاری رہنے والی پولنگ کے نتائج کا اعلان 16 مئی کو کیا جائے گا۔

موجودہ لوک سبھا کی مدت 31 مئی کو پوری ہورہی ہے۔ بھارت کی تاریخ کے سب سے طویل عرصے تک ہونے والی ووٹنگ میں لوک سبھاکی 543 نشستوں کے لیے 81 کروڑ 40 لاکھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ 2009 کے مقابلے میں 2014 کے انتخابات میں 10 کروڑ زائد افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔

جن کیلئے 9 لاکھ 30 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ انتخابات میں اس بار وزیراعظم کے لیے کانگریس رہنما راہول گاندھی اور بی جے پی کے انتہا پسند رہنما نریندر مودی اہم امیدوار ہیں۔

کانگریس کامیابی کی صورت میں مسلسل تیسری بار اقتدار میں آسکتی ہے۔ 1989 سے کوئی بھی سیاسی جماعت لوک سبھا انتخابات میں اکثریت حاصل نہیں کر پائی ہے۔