مشرف کے وکلاء کو دہشت گردوں کی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے وکلاء کو دھمکیاں دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ایک بیان الطاف حسین نے کہاکہ جنرل(ر) پرویز مشرف کے وکلاء شریف الدین پیرزادہ، انور منصور اور احمد رضا قصوری کو طالبان دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیاں دی گئی ہیں کہ وہ خود کو پرویز مشرف کے کیس سے الگ کرلیں ورنہ انہیں سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے زندگی کے ہرشعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو سفاک طالبان دہشت گردوں کے رحم وکرم پرچھوڑ رکھا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انھوں نے ارباب اقتدار اور اختیار سے مطالبہ کیا کہ پرویز مشرف کے وکلاء کو طالبان دہشت گردوں کی دھمکیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، پرویز مشرف کے وکلاء کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور دھمکیوں میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے سخت ترین سزا دی جائے۔