ٹیسٹ رینکنگ، آسٹریلیا نے بھارت سے دوسری پوزیشن چھین لی

Australia Cricket

Australia Cricket

دبئی (جیوڈیسک) آسٹریلیا نے ٹیسٹ رینکنگ میں بھی بھارت سے دوسری پوزیشن چھین لی، جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں کامیابی کے ساتھ سیریز میں 2-1 کی فتح سے کینگروز کو 4 ریٹنگ پوائنٹس ملے،اس سے انھیں ایک درجہ ترقی مل گئی۔

اس طرح اب وہ یکم اپریل کی کٹ آف ڈیٹ تک اس جگہ کو محفوظ بنا کر 3 لاکھ 70 ہزار ڈالر کا خود کو حقدار بنا چکے ہیں، شکست کے باوجود ٹاپ پر موجود جنوبی افریقہ کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں، ٹیسٹ ٹرافی پر قبضہ برقرار رکھنے کے ساتھ وہ 4 لاکھ 75 ہزار ڈالر بونس بھی حاصل کریں گے۔

تیسرے نمبر پر جانے والی بھارتی ٹیم کو اب 2 لاکھ 65 ہزار ڈالرز پر اکتفا کرنا پڑے گا جبکہ چوتھی پوزیشن کی حامل انگلینڈ کو ایک لاکھ 60 ہزار ڈالر ملیں گے۔ پاکستان ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہے، اس کے اور انگلینڈ میں پورے 7 پوائنٹس کا فرق رہا۔