لندن (جیوڈیسک) ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے صحرائے تھرمیں قحط سالی اور خوراک کی قلت سے ہونے والی اموات پر دلی صدمہ اور سخت تشویش کااظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں الطا ف حسین نے کہاکہ تھرمیں ہونے والی خشک سالی اپنی جگہ لیکن حکومت سندھ کے محکمہ خوراک کی جانب سے تھر کے لوگوں کو غذائی اجناس کی فراہمی کیلئے ناقص منصوبہ بندی، بدانتظامی اور نااہلی کے باعث آج تھر میں عورتیں اور بچے فاقہ کشی کرنے پر مجبورہیں، بچے بھوک پیاس کی وجہ سے بلک رہے ہیں اور مسلسل فاقہ کشی سے تنگ آکراپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔
الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ ایم کیوایم کی جانب سے تھر کے قحط سالی سے متاثرہ افراد خصوصاً عورتوں اور بچوں کی امداد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور وہاں بچوں کیلئے خشک دودھ، پانی اور غذائی اجناس پہنچائی جائے۔
الطاف حسین نے مخیرحضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ تھرکے قحط زدہ افراد کی زیادہ سے زیادہ امداد کریں۔ الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تھر کے قحط زدہ افراد کو غذائی اجناس کی فراہمی کے سلسلے میں صوبائی محکمہ خوارک کی سنگین غفلت ، کوتاہی اورنااہلی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تھر کے متاثرین تک غذائی اجناس پہنچائی جائیں۔