کشمیری طلبہ پر انڈیا کی جانب سے قائم کیا گیا مقدمہ پاکستان دشمنی کی بدترین مثال ہے: محمد زبیر حفیظ

لاہور (6مارچ 2014) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ کشمیری طلبہ پر میچ کے دوران پاکستان کی حمایت کا الزام لگا کر ان پر غداری کا مقدمہ انڈیا کی پاکستان دشمنی اور بدنیتی کی بدترین مثال ہے۔

انڈیا سے دوستی کا راگ الاپنے والے قوم کو جواب دیں۔ موسٹ فیورٹ نیشن کا نعرہ قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتا ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ سندھ میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ قلب وجان کا ہے۔

الحاق کشمیر کے بغیر تکمیل پاکستان ناممکن ہے، کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، بھارت کشمیریوں پر اپنا تسلط برقرار نہیں رکھ سکتا، اور یہ حقیقت اسے تسلیم کرنا ہوگی پاکستان میں کشمیری بھائیوں کے لئے ہمارے دل اور تعلیمی ادارے کھلے ہیں اور اسلامی جمعیت طلبہ ان کشمیری طلباء کے تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی۔ ناظم اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہندوستان کے وزیراعظم کشمیریوں کے دل جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ناکامی ان کا مقدر بن چکی ہے کشمیریوں کو ان کا جائز حق، حق خودار دیت دیا جائے۔