لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کاہنہ کے علاقے سے دہشتگرد کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں بارود، ڈیٹونیٹر اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
ملزم نے ریلوے سٹیشن اور دیگر مقامات پر دھماکوں کی منصوبہ بندی کا اعتراف کر لیا۔
پولیس اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاعات پر لاہور کے علاقے کاہنہ میں کارروائی کی۔ اس دوران سرفراز نامی مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم آبادی سے دور کرائے کے کمرے میں رہائش پذیر تھا۔ مبینہ دہشتگرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں باردو، ڈیٹونیٹر، ٹی این ٹی سلیب اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
گرفتار ملزم کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ لاہور میں پرانی انار کلی اور ریلوے سٹیشن پر دھماکے کرنا چاہتا تھا۔ اس مقصد کیلئے بم بھی بنا رہا تھا۔ ملزم کے مطابق شہر میں اس کے دیگر ساتھی بھی موجود ہیں۔