ریاض (جیوڈیسک) سعودی وزارت داخلہ نے القاعدہ، اخوان المسلمون، حزب اللہ اور شام و عراق میں سرگرم جنگجو جماعتوں کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ ساتھ ہی بیرون ملک عسکریت پسندی میں ملوث سعودی شہریوں کو وطن واپسی کے لیے 15 دن کی مہلت بھی دی گئی ہے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے دہشت گرد تنظیموں کی فہرست پر نظر ثانی کی ہے۔ فہرست میں مزید تنظیموں کے نام شامل کیے گئے ہیں جن میں القاعدہ، مصر کی الاخوان المسلمون، لبنان کی حزب اللہ، یمن کا الحوثی گروپ، شامی تنظیم جبہت النصرت اور شام و عراق میں اسلامی امارات نامی تنظیمیں شامل ہیں۔
ساتھ ہی ان جماعتوں سے وابستہ یا ان کے نقش قدم پر چلنے والی تنظیموں کو بھی دہشت گرد جماعتوں کی فہرست میں شامل کرنے فیصلہ کیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے بیرون ملک عسکریت پسندی میں ملوث اپنے تمام شہریوں کو اپنی سرگرمیاں روک کر پندرہ روز میں وطن واپس آنے کی مہلت دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔