سستے انصاف کی بروقت فراہمی عدلیہ کی اولین ترجیح ہے، چیف جسٹس

Tassaduq Hussain Jilani

Tassaduq Hussain Jilani

لاہور (جیوڈیسک) چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہے کہ سستے انصاف کی بروقت فراہمی عدلیہ کی اولین ترجیح ہے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس چیف جسٹس پاکستان تصدق حسین جیلانی کی صدارت میں جاری ہے۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کی ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کے علاوہ فیڈرل شریعت کورٹس کے چیف جسٹس بھی شرکت کر رہے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا معاشی ترقی میں بنیادی کردار ہے۔ان کی شکایات کے ازالے کیلئے خصوصی شکایت سیل کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت عدلیہ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔ ماتحت عدلیہ کی جانب سے سال دو ہزار آٹھ سے پرانے مقدمات نمٹانا خوش آئند ہے۔

اجلاس میں قومی عدالتی پالیسی کے تحت نمٹائے گئے مقدمات سے متعلق ازسر نو جائزہ لیا جائیگا جبکہ سائلین کو انصاف کی بروقت فراہمی کو یقنی بنانے کے لیے اقدامات بھی زیر غور لائے جائیں گے۔