ایشیا کپ:بھارت کیخلاف پاکستان کی جیت منانیوالے طلبا پھر زیرعتاب

Asia Cup

Asia Cup

نئی دہلی (جیوڈیسک) ایشیا کپ میں پاکستان کی بھارت کیخلاف جیت پر خوشی منانے والے مقبوضہ کشمیر کے 4 اور علی گڑھ کے 2 طلبا کو نوئیڈا یونیورسٹی کے ہاسٹل سے نکال دیا گیا، میرٹھ یونیورسٹی پہلے ہی 67 کشمیری طلبا کو یونیورسٹی سے نکال چکی ہے۔

بھارتیوں سے پاکستان ٹیم کے ہاتھوں شکست ہضم نہیں ہوپارہی۔ بھارت کی ایک اور یونیورسٹی نے پاکستان کی جیت پر خوشی منانے والے چھ طلبا کو ہاسٹل سے نکال دیا۔ اترپردیش کے علاقے گریٹر نوئیڈا کی پرائیوٹ یونیورسٹی نے جن چھ طلبا کو ہاسٹل سے نکالا ان میں چار کا تعلق کشمیر جبکہ 2 علی گڑھ کے ہیں، ان کا جرم بھی پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت کا جشن منانا ہے، جو بھارتی طلبا سے برداشت نہ ہوا، معاملہ ابتدا میں ٹھنڈا ہوگیا تھا۔

تاہم بعد میں طلبا نے سوشل نیٹ ورک پر مہم چلا کر یونیورسٹی کا ماحول خراب کردیا اور طلبا کے خلاف بھارتی یونیورسٹی جیسے ایکشن کا مطالبہ کیا، جہاں 67 طلبا کو بے دخل کیا گیا تھا، یونیورسٹی انتظامیہ بھی انتہا پسند طلبا کے آگے ہار مان گئی، اور چھ طلبا کو یونیورسٹی ہاسٹل سے نکال باہر کیا، تاہم اسٹوڈنٹ افیئر ڈین کا کہنا ہے کہ کچھ دن گزرنے کے بعد طلبا کو کسی اور جگہ منتقل کرنے بارے میں غور کیا جائے گا۔