اسلام آباد (جیوڈیسک) تھر میں بچوں کی اموات پر سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہے کہ تھر میں صورتحال کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے۔ سپریم کورٹ میں سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے کہا کہ سندھ میں جو کچھ ہورہاہے اسے دیکھ کر سر شرم سے جھک جاناچاہییں، تھر کی صورتحال کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ نیحکومت کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ صورتحال اتنی خراب نہیں ، میڈیا نے بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میڈیا نہ بتاتا تو معاملہ دب جاتا۔ عدالت نے بچوں کی کل بچوں کی اموات کے بارے میں پوچھا تو چیف سیکریٹری اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ لاعلم تھے۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ ان کے پاس جنوری اور فروری کے اعدادوشمار ہیں، عدالت نے کہا ہم جاننا چاہتے ہیں کہ بچوں کی اموات کی خبر کس تاریخ کوی ہوئی، اور یہ بھی کہ کتنے بچے مرنے پر حکومت حرکت میں آتی ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے اعتراف کیا کہ کوتاہی ہوئی ہے۔ لیکن اس کی ذمہ داری فکس ہونی چاہیے۔ ججز نے جواب دیا کہ ذمہ داری فکس ہوتی رہے گی پہلے عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ غذائی قلت اور علاج نہ ہونے کے باعث کل کتنے بچوں کی اموات ہوچکی ہے۔