القاعدہ اور طالبان کا پرویز مشرف پر حملے کا منصوبہ

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) القاعدہ اور طالبان نے پرویز مشرف پر خصوصی عدالت کے راستے میں حملے کا منصوبہ تیار کر لیا۔ سلمان تاثیر کی طرح سیکیورٹی گارڈ بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔ وزارت داخلہ نے سابق صدر کی خصوصی عدالت میں پیشی سے ایک دن قبل الرٹ جاری کر دیا۔

پرویز مشرف پر حملے کے حوالے سے وزارت داخلہ کے خط کی کاپی دنیا نیوز کو موصول ہو گئی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے صدر، وزیر اعظم اور سیکریٹری دفاع کو لکھے گئے خط میں سابق صدر پرویز مشرف پر ممکنہ حملے سے خبردار کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ اور تحریک طالبان پاکستان نے پرویز مشرف پر حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔ سابق صدر کو خصوصی عدالت کے راستے میں بارودی مواد سے بھری گاڑی یا ریموٹ بم کے ذریعے نشانہ بنائے جانے کا خطرہ ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کے سیکیورٹی اہلکاروں میں بھی دہشت گردوں کے ہمدرد موجود ہیں۔

سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی طرح انہیں اپنے سیکیورٹی گارڈ کے ہاتھوں نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔ خط میں پرویز مشرف کی سیکیورٹی مزید سخت اور فول پروف بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزارت داخلہ نے یہ سیکیورٹی الرٹ اس وقت جاری کیا ہے جب خصوصی عدالت نے اگلے ہی روز یعنی گیارہ مارچ کو غداری کیس میں پرویز مشرف کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر رکھا ہے۔