ملائشین ایئرلائن کے لاپتہ مسافرطیارے کی تلاش تیسرے روز بھی جاری، گمشدگی معمہ بن گئی

Malaysian Airline

Malaysian Airline

کوالالمپور (جیوڈیسک) ہفتے کے روز ملائشیا سے چین جانے والے مسافر طیارے کا ملبہ اب تک نہیں مل سکا ہے جس کے بعد طیارے کی گمشدگی معمہ بنتی جارہی ہے۔

گزشتہ 3 روز سے کئی ملکوں کی فضائیہ اور ماہرین کی ٹیمیں گمشدہ طیارے یا اس کے ملبے کی تلاش میں مصروف ہیں۔

تلاش کے عمل میں ویتنام، ملائیشیا، چین اور دیگر ممالک کے 40 بحری جہاز اور 34 ہوائی جہاز حصہ لے رہے ہیں تاہم اب تک اس کوششوں میں کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہوسکی۔ طیارے کی تلاش کرنے والے ماہرین نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر جہاز نے اپنا راستہ تبدیل کر لیا تھا۔

ملائیشیا ایئر فورس نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ جہاز نے واپسی کا راستہ اختیار کیا ہو۔ تاہم اس کے باوجود مسافروں لے لواحقین کو کسی بھی قسم کے سخت نتائج کے لئے تیار رہنا ہوگا۔

ملائیشین سول ایوی ایشن کے سربراہ اظہرالدین عبدالرحمان نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ ماہرین سمندر کے ہر کونے پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں ایسی صورت میں طیارے کے اغوا ہونے کا خدشہ خارج از امکان نہیں کیونکہ لاپتہ ہونے والے طیارے میں سوار دو مسافر ایسے ہیں جو چوری شدہ پاسپورٹس پر سفر کررہے تھے۔ یہ پاسپورٹس تھائی لینڈ سے چوری کئے گئے تھے اور ان کے اصلی مالکان میں ایک اٹلی اور دوسرا آسٹریلیا کا باشندہ ہے۔

واضح رہے کہ کوالالمپور سے بیجنگ جانے والے ملائیشین ایئر لائن کے طیارے کا رابطہ ملائشیا اور ویتنام کے درمیان سمندر پر منقطع ہوگیا تھا تاہم اب تک اس طیارے کے ملبے کو تلاش نہیں کیا جا سکا۔