پشاور (جیوڈیسک) حکومت اور طالبان مذاکراتی کمیٹی میں خیبر پختونخوا سے نمائندگی کے لئے تحریک انصاف نے نام تجویز کر دیا۔ رکن قومی اسمبلی گلزار خان کمیٹی میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کریں گے۔
گلزار خان کا نام تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے تجویز کیا۔ سابق بیورو کریٹ گلزار خان این اے 4 پشاور سے رکن قومی اسمبلی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے ایم این اے گلزار خان کا نام مذاکراتی ٹیم میں شامل کرنے کیلئے حکومت کو بھیج دیا ہے۔ سابق بیورو کریٹ اور ایم این اے گلزار خان کا تعلق پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر سے ہے۔ انہوں نے 2013ء کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے فور سے کامیابی حاصل کی۔
گلزار خان سیاست کے خارزار میں قدم رکھنے سے پہلے مختلف اہم سرکاری عہدوں پر بھی فائز رہے۔ انہوں نے ہوم سیکرٹری خیبر پختونخوا اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دیئے۔
وہ کمشنر افغان مہاجرین بھی رہے۔ ایم این اے گلزار خان چیئرمین پبلک سروس کمیشن خیبر پختونخوا کی حیثیت سے ریٹائرڈ ہوئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعظم سواتی نے بھی پارٹی کی جانب سے مذاکراتی ٹیم میں گلزار خان کا نام دیئے جانے کی تصدیق کی ہے۔